ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ہندوستان کے سب سے طویل پل کا افتتاح 26مئی کو

ہندوستان کے سب سے طویل پل کا افتتاح 26مئی کو

Mon, 15 May 2017 00:23:57    S.O. News Service

ڈبروگڑھ، 14/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسام میں چین کی سرحد کے قریب ہندوستان میں کسی ندی پر بنے سب سے طویل پل کا افتتاح 26/مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔یہ پل 60ٹن وزنی جنگی ٹینک کے بوجھ کو بھی برداشت کرنے کے قابل ہے۔برہم پتر ندی پر بنے 9.15کلو میٹر طویل دھولا-سادیہ پل کے افتتاح کے ساتھ ہی وزیر اعظم آسام کے مشرقی حصے سے این ڈی اے حکومت کے تین سال پورے ہونے کے جشن کا بھی آغاز کریں گے۔اس پل کو چین- ہندوستان سرحد پر، خاص طور پر شمال مشرق علاقہ میں ہندوستانی کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس کے علاوہ یہ پل اروناچل پردیش اور آسام کے لوگوں کے لیے ہوائی اور ریل رابطے کے علاوہ سڑک رابطہ کو بھی آسان بنائے گا۔یہ ممبئی میں باندرہ -ورلی سمندری رابطہ پل سے 3.55کلو میٹر طویل ہے اور اس طرح یہ ہندوستان کا سب سے طویل پل ہے۔آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال نے کہاکہ وزیر اعظم اسٹریٹجک طور پر اہم اس پل کو 26/مئی کو قوم کے نام وقف کریں گے، یہ شمال مشرقی علاقے میں سڑک رابطے کو بھی آسان بنائے گا، کیونکہ دفاعی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کے علاوہ پل کا استعمال آسام اور اروناچل پردیش کے لوگ بھی کریں گے۔پل کی تعمیرکے کام کا آغاز 2011میں کانگریس کی قیادت والی یوپی اے حکومت کے دور میں شروع ہوا تھا اور منصوبے کی لاگت 950کروڑ روپے تھی،اس کا ڈیزائن اس طرح بنایا گیا ہے کہ پل فوجی ٹینکوں کے وزن کو برداشت کر سکے۔سونووال نے کہاکہ آسام اور اروناچل پردیش کی ملک کے لیے انتہائی اسٹریٹجک اہمیت ہے، پل چین کے ساتھ ہماری سرحد کے قریب ہے، اس لیے ٹکراؤ کے وقت یہ فوجیوں اور توپوں کی تیزی سے نقل و حرکت میں مدد دے گا۔پل آسام کے دارالحکومت دیس پور سے 540کلومیٹر دور اور اروناچل پردیش کے دارالحکومت ایٹانگر سے 300کلومیٹر دور ہے،جبکہ چینی سرحد سے ہوائی دوری 100کلومیٹر سے کم ہے۔سونووال نے دعوی کیا کہ 2014میں مودی حکومت کے بننے کے بعد سے پل کی تعمیر میں تیزی لائی گئی۔پل کا افتتاح 2015میں ہونا تھا، آسام میں بی جے پی حکومت 24/مئی کو اپنی ایک سال کی میعاد مکمل کر رہی ہے۔
 


Share: